پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جعفر ایکسپریس حملے کے متاثرین اور پاک فوج کے جوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری نے ایک ویڈیو پیغام میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’انتہائی سفاکانہ کارروائی‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان پر حملہ تھا اور ہم اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔
ریلی 18 مارچ منگل کو لاہور کے جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی کے قریب اختتام پذیر ہوگی۔
اکمل خان باری نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ کوئی رکاوٹ پیدا نہ کرے۔ یہ جعفر ایکسپریس سانحے کے شہیدوں اور اپنی جانیں گنوانے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پرامن ریلی ہوگی۔
انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں، وکلا اور سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی کہا کہ وہ بڑی تعداد میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کریں۔