وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے رفتار ڈاٹ کام کے مالک صحافی فرحان ملک کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فرحان ملک کو پیکا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم “رفتار” نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔
رفتار کی جانب سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے حکام گزشتہ روز بغیر کسی پیشگی اطلاع کے دفتر پہنچے اور ٹیم کو ہراساں کیا، تاہم ان کے پاس کسی وضاحت کا کوئی جواب نہیں تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے نے فرحان ملک کو آج دوپہر 1 بجے اپنے دفتر طلب کیا۔ فرحان ملک دفتر پہنچے، جہاں انہیں کئی گھنٹے انتظار کرایا گیا، اور پھر شام 6 بجے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ رفتار ڈاٹ کام کے مالک صحافی فرحان ملک کے موبائل فونز بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔