سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہر فرد اور شعبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ 23مارچ ان اصولوں اور اہداف کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کی جدوجہد میں متحد کیا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے خلوص، وژن اور قربانیوں کا اعتراف کیا جن کی وجہ سے پاکستان وجود میں آیا۔
حمزہ شہباز نے پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر مزید زور دیا۔حمزہ شہباز نے ملکی امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے ریمارکس دئیے کہ یوم پاکستان ان شہداء کی تعظیم اور اظہار تشکر کا بھی موقع ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔