متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے 100 درہم کے نئے کرنسی نوٹ کا اجرا کر دیا ہے۔
امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جدید سکیورٹی فیچرز پر مبنی نیا 100 درہم کا کرنسی نوٹ جاری کیا ہے جو پالیمر مواد سے تیار کیا گیا ہے اور جدید ترین ڈیزائن و سکیورٹی خصوصیات سے مزین ہے۔
اس اقدام کا مقصد پائیداری کو فروغ دینا اور جدید مالیاتی نظام کی جانب ایک اور قدم بڑھانا ہے۔ یہ نیا نوٹ قومی کرنسی کے تیسرے اجراء کا حصہ ہے جس کا ڈیزائن متحدہ عرب امارات کی ترقی، ثقافتی ورثے اور عالمی اقتصادی مرکز کے طور پر اس کی کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے۔
نئے نوٹ کو سرخ رنگ کے مختلف شیڈز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ عوام اسے آسانی سے موجودہ نوٹ سے پہچان سکیں۔ اس پر متحدہ عرب امارات کا نیشنل برانڈ اور جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ خاکے اور تحریریں شامل ہیں۔
نوٹ کے سامنے کی جانب اُم القیوین کا تاریخی قلعے کی تصویر ہے جو ملک کے ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتی ہے۔ نوٹ کے پچھلے رخ پر فجیرہ پورٹ اور اتحاد ریل کی تصاویر موجود ہیں جو متحدہ عرب امارات کی جدید انفرااسٹرکچر اور اقتصادی ترقی کی عکاس ہیں۔
اس نئے نوٹ میں سپارک فلو دائریکشن اور کائن گرام کلر جیسی جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے اس سے جعلی نوٹوں کی روک تھام ممکن ہو گی، نوٹ پر بریل علامات بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ بصارت سے محروم افراد بھی اس کی مالیت آسانی سے جان سکیں۔