اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کے ترجمان عمر بلال کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے ہر سال کی طرح اس سال موسم گرما کی ابتدا میں ہی مارگلہ کی پہاڑیوں علاقے اور جنگل میں آگ بھڑک اٹھی ہے، آگ کے تیزی سے پھیلانے کی بنیادی وجہ تیز ہوائیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ڈبلیو ایم بی کے ترجمان عمر بلال نے کہا کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ کو مسلسل آکسیجن مل رہی ہے جس کی وجہ سے آگ کا پھیلاؤ مزید تیز ہو رہا ہے۔
آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہ تیز ہوا کے باعث آگ کے انگاروں پھیل رہے ہیں اور خشک پودوں آگ کو تیزی سے پکڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، عمر بلال نے بھی آگ کے پھیلنے کی وجہ انتہائی خشک موسم اور خشک پودوں کو قرار دیا ہے۔
آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہ خراب موبائل فون سگنلز کی وجہ سے حکام کے لیے آگ بجھانے والی ٹیموں سے رابطہ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور حکام نے عوام پر زور دیا ہےکہ وہ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں کیونکہ ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے فائر فائٹنگ اہلکاروں نے 70 فیصد سے زیادہ علاقے پر قابو پا لیا ہے اور باقی 20 سے 25 فیصد علاقے میں آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ عمر بلال نے کہا کہ ڈھلوانوں پر آگ کے شعلے اوپر کی طرف پھیلنے کے بعد یہ مزید مشکل ہو گیا۔
یہ تیسرا موقع ہے جب محفوظ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگی ہے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گزشتہ 30 دنوں کے دوران آگ لگنے کے 2 واقعات پر آدھے گھنٹے کے اندر قابو پا لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کا موسم اپریل سے شروع ہوتا ہے اور جون تک چلتا ہے ۔
سی ڈی اے کے ذرائع کے مطابق ایک حالیہ اجلاس میں متعلقہ حکام نے فیصلہ کیا کہ آگ بجھانے کی تمام کوششیں شہری ادارے کا عملہ کرے گا جبکہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا کردار نیشنل پارک کے اندر تجاوزات کرنے والے اور دیہات میں رہنے والے مقامی افراد میں آگاہی پیدا کرنے تک محدود ہوگا۔