کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے ۔ شہر قائد میں فی کلو قیمت 800 روپے تک جا پہنچی۔ عوام چکن خریدنے سے محروم رہ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دودھ فروشوں کی من مانیوں کے بعد مرغی کا گوشت فروخت کرنیوالوں نے بھی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔ شہرکے مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت 800 روپے سے زائد فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ مرغی کےگوشت کا سرکاری ریٹ 650 روپے فی کلو مقرر ہے۔
اس حوالے سےدکاندار وں کا کہنا ہے کہ پولٹری فارمرز مہنگائی کے اصل ذمہ دار ہیں، جب پولٹری فارمرز سے مرغی مہنگی ملے گی تو سرکاری قیمت پر فروخت کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں ہے۔
شہریوں نے زائد نر خوں پر مرغی کا گوشت بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کریں۔
دوسری جانب پولٹری کے تاجروں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مانگ میں اضافے، سپلائی چین میں خلل اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا ہے۔