ایران سے مکران کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے، مکران کے تینوں اضلاع گوادر، تربت اور پنجگور میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی تھی جو کہ اب بحال کر دی گئی ہے۔
ایران سے 132 کے وی کی 2 ٹرانسمیشن لائنوں کے ذریعے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے بعد بجلی کے بریک ڈاؤن سے پورا ڈویژن مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا تھا، پاکستان ساحلی علاقے میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے طویل مدتی معاہدوں کے تحت ایران سے بجلی درآمد کرتا ہے، جو بکھری ہوئی آبادی اور اس کے نتیجے میں تجارتی قابلیت کے چیلنجز کی وجہ سے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہے۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان کے مطابق متاثرہ گرڈ اسٹیشنوں میں 132 کے وی مند، ٹمپ، تربت، ہوشاب، پنجگور، جیوانی، گوادر ڈور، گوادر ڈیپ سی پورٹ، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پسنی اور اورماڑہ شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس معاملے پر ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ کیسکو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب ڈسٹری بیوشن سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی دور ہونے کے بعد اتوار کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔