وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل 2025کے حوالے سے جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب کر دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل 2025کے حوالے سے جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب کر دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کے حوالے سے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل ہمارے عوام کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے تحفظ اور صوبائی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے بغض میں سوشل میڈیا پر مائنز اینڈ منرلز کے مسئلے کو لے کر غلط باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ ایک مافیا ہے جو خیبرپختونخوا کے خلاف سرگرم ہے کہ مائنز اینڈ منرلز کو لے کر اچھے ریفارمز نہ ہوں۔ بل کے خلاف کچھ عناصر جان بوجھ کر جھوٹا اور گمراہ کن پراپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، جو حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر خیبرپختونخوا کے حقوق کا بھرپور دفاع کرے گی۔

مزید پڑھیں: مائنز اینڈ منرلز بل 2025، خیبر پختونخوا میں قانون سازی بھی سیاست کی بھینٹ چڑھ گئی، صحافی عرفان خان

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، معدنی وسائل کی ترقی کو یقینی بنانا اور عوامی مفاد کا مؤثر تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کی روح عوامی فلاح اور صوبے کی خوشحالی سے جڑی ہے اور کسی کو اسے متنازع بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ ہماری حکومت کے آتے ہی ایسی چارسائٹس پر جہاں غیر قانونی مائننگ ہورہی تھی، اسے نہ صرف روکا گیا بلکہ نیلامی کے ذریعے پانچ ارب روپے کی آمدنی بھی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 76سالوں میں مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ نے اتنی آمدنی حاصل کی تھی جتنی ہم نے صرف چار سالوں میں حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیرقانونی مائننگ کے حوالے سے ہم قوانین کو سخت کرنے جارہے ہیں، غیرقانونی مائننگ کرنیوالوں کی مشینری پر پہلے دفعہ 144 یا 188 لگائی جاتی تھی جس کی فوری طور پر ضمانت ہوجاتی تھی تاہم اب ہم قانون لا رہے ہیں کہ غیرقانونی مائننگ کرنیوالوں کی مشینری بحق سرکار ضبط ہوگی اور ہم اس کو نیلام کریں گے تاکہ غیرقانونی مائننگ کو روکا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ عناصر بغیر پڑھے اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں اور جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں تاہم میں ایسی تمام خبروں کو مسترد کرتا ہوں، ہم صوبے کا اختیار کسی کو نہیں دینے جارہے، ایسے لوگ جو یہ جھوٹ پھیلا رہے ہیں یہ نہ عوام کے خیرخواہ ہیں، نہ عمران خان کے اور نہ ہی صوبے کے خیرخواہ ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *