لاہور قلندرز کے کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے 73 اننگز کے بعد پی ایس ایل تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اتوار کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دی۔
220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم 17ویں اوور میں صرف 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس میچ میں شاہین آفریدی نے صرف 6 رنز کے عوض 2 اہم وکٹیں حاصل کیں اور یوں پی ایس ایل میں ان کی وکٹوں کی تعداد 105 ہو گئی، جو 21.04 کی اوسط سے حاصل کی گئیں۔
یہ کارکردگی شاہین آفریدی کو پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر کے طور پر نمایاں کرتی ہے۔ اس فہرست میں وہاب ریاض 99 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، حسن علی 97 کے ساتھ تیسرے، شاداب خان 79 وکٹوں کے ساتھ چوتھے جبکہ محمد عامر 71 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز اور پاور پلے میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوایا ہے۔ وہ پی ایس ایل میں پہلے اوور میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن چکے ہیں، جن کی تعداد 20 ہے۔ اس فہرست میں محمد عامر 13، حسن علی 12 اور عماد وسیم 10 وکٹوں کے ساتھ ان کے پیچھے ہیں۔
پاور پلے میں بھی شاہین آفریدی سب سے کامیاب باؤلر ہیں، جہاں وہ 780 گیندوں پر 35 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ حسن علی نے 492 گیندوں پر 22، محمد عامر اور سمت پٹیل نے 612 اور 289 گیندوں پر 18،18 وکٹیں، جبکہ محمد عرفان نے 450 گیندوں پر 17 وکٹیں حاصل کیں۔