سعودی شہری بغیر ویزے کے پاکستان آ سکتے ہیں، محسن نقوی کا اعلان

سعودی شہری بغیر ویزے کے پاکستان آ سکتے ہیں، محسن نقوی کا اعلان

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی شہری اب بغیر کسی پابندی یا ویزے کے پاکستان آ سکتے ہیں جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ اعلان محسن نقوی اور سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔ دونوں عہدیداروں نے سفارتی تعلقات، سفری پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

محسن نقوی نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا، انہوں نے خاص طور پر پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی مشترکہ میزبانی میں حالیہ انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کی شرکت پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے سعودی سفیر کو پاسپورٹ کے اجرا اور قومی دستاویزات سے متعلق حالیہ اصلاحات کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے پروٹوکول کا مقصد دستاویزات کی حفاظت کو بہتر بنانا اور غلط استعمال کو روکنا ہے۔

وزیر داخلہ نے سعودی سفیر کو ملک بھر میں بھیک مانگنے والے پیشہ ور نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن سمیت اسٹریٹ لیول پر جرائم سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے منشیات اسمگلنگ کیس میں قید 5 پاکستانیوں کی رہائی کے لیے سعودی حکام کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے ان پاکستانیوں کی رہائی کو مضبوط دوطرفہ تعاون اور حمایت کا نتیجہ قرار دیا۔

سعودی سفیر سعید احمد المالکی نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کی نوعیت اور اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے سعودی عرب کے ارادے کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی مفادات  پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون اور کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *