اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام سروس شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام سروس شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کے لیے الیکٹرک ٹرام سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتھارٹی پہلے ہی اس منصوبے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک بسیں پہلے ہی کامیابی سے چل رہی ہیں، اور اب ہم الیکٹرک ٹرام سروس کی طرف جا رہے ہیں۔

یہ منصوبہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے یہ ایک بڑا قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور لاہور دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں شامل

سی ڈی اے پہلے ہی شہر میں 13 فیڈر الیکٹرک بس روٹس کامیابی سے چلا رہی ہے، جو کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اسلام آباد، جو اپنی خوبصورتی کے لیے مشہور ہے، اب انفراسٹرکچر کو بھی جدید اور ماحول دوست بنانے کی طرف گامزن ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق، یہ منصوبہ بنیادی طور پر سافٹ وہیل الیکٹرک ٹراموں اور موجودہ الیکٹرک فیڈر بس نیٹ ورک کو وسعت دینے پر مشتمل ہے۔ چیئرمین نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی جائے تاکہ منصوبے پر کام کا آغاز کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، سی ڈی اے اس منصوبے کے لیے ایک چینی کنسلٹنسی فرم کے ساتھ تعاون پر غور کر رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں چار راستے تجویز کیے جا رہے ہیں، جن میں ایک راوت سے فیصل مسجد تک کا روٹ (بذریعہ ایکسپریس وے) اور دوسرا جناح اسکوائر سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک (بذریعہ سرینگر ہائی وے) شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے کار سواروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

یہ منصوبہ اسلام آباد میں صاف، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *