وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر اہم بریفنگ دیں گے۔
یہ بریفنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر مرکوز ہو گی، شرکاء کو افواج پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ بریفنگ قومی یکجہتی اور اتحاد کی اعلیٰ مثال ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری جانب پی ٹی آئی نے سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی دعوت نامہ نہیں ملا، حکومت نے دعوت دی تو جانے یا نہ جانے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
خیال رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانی سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ مودی حکومت نے پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرنے سمیت دیگر جارحانہ اقدامات بھی کیے۔
جوابی طور پر قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر بند کرنے، بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود معطل کرنے اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کیے۔