وزیراعظم نے معرکۂ حق کے دوران شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، وزیراعظم کے اعلان کے تحت معرکۂ حق میں شہید ہونے والے عام شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کی امداد دی جائے گی۔
پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو ان کے رینک کے مطابق شہداء پیکیج کے تحت 1 کروڑ سے لے کر 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تک کی رقم فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لیے بھی رینک کے مطابق 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔
مزید برآں، شہداء کی ریٹائرمنٹ کی متعین تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ تمام الاونسز جاری رکھی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق، پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، زخمی ہونے والے اہلکاروں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے مکانات اور شہید کی جانے والی مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہ فریضہ پورا کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کا تمام خرچ وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ پاکستان کی عزت، عظمت اور دفاع کے لیے مختلف محاذوں پر خدمات انجام دینے والوں کو قومی سطح پر تسلیم کیا جائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔