اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کے ردعمل میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخص (Persona Non Grata) قرار دے دیا ہے اور اُسے 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب مذکورہ بھارتی سفارتکار کو ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جو ایک سفارتکار کے کردار، بین الاقوامی قوانین اور سفارتی آداب کے سخت منافی تھیں۔
وزارتِ خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو آج طلب کیا اور انہیں اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے باقاعدہ احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کیا۔ اس مراسلے میں بھارت کے سفارتی نمائندے کے غیر ذمہ دارانہ اور قواعد کی خلاف ورزی پر مبنی رویے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر کی موجودگی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی، جو ملکی سلامتی یا سفارتی ضابطوں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔