پاک بھارت کشیدگی کے بعد جہاں گودی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہا تو وہیں کچھ نامور یوٹیوبرز کی جانب سے بھارتی میڈیا پر چلائی جانیوالی خبروں کو فیک قرار دیا گیا ایسے میں بھارت کے سب سے بڑے یوٹیوبر دھرو راٹھی کی جانب سے بھارتی میڈیا پر چلائی جانیوالی خبروں پر شدید تنقید کی گئی اور انہیں فیک قرار دیا گیا ۔
بھارت کے مشہور یوٹیوبر اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ دھرو راٹھی کو پاکستانی صارفین کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنے ایک اسپانسرڈ ٹوئٹ پر کمنٹ سیکشن بند کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دھرو راٹھی نے حال ہی میں ایک ایسی ویڈیو شائع کی، جسے پاکستانی صارفین نے پاکستان مخالف قرار دیا، اس ویڈیو پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا اور انہوں نے بڑی تعداد میں اس کے سوشل میڈیا پوسٹس پر تنقیدی تبصرے شروع کر دیے۔
مذکورہ ٹوئٹ میں دھرو راٹھی نے ایک کریڈٹ اسکور سروس کی تشہیر کی تھی، تاہم صارفین نے اس پر بھی کمنٹس کے ذریعے اپنی ناراضی کا اظہار کیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ ٹوئٹ پر کمنٹس کا آئیکن غیر فعال ہے، جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ راٹھی نے کمنٹ سیکشن بند کر دیا ہے۔
یہ عمل اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی صارفین کا ردعمل اتنا شدید تھا کہ معروف یوٹیوبر کو سوشل میڈیا پر کمنٹس بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
یاد رہے کہ دھرو راٹھی بھارت میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید اور مختلف سماجی موضوعات پر ویڈیوز کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، لیکن حالیہ ویڈیو نے سرحد پار پاکستانیوں کو ناراض کر دیا ہے۔