پنجاب حکومت کا سکولوں میں 50 ہزار نئے کلاس روم بنانے کا اعلان

پنجاب حکومت کا سکولوں میں 50 ہزار نئے کلاس روم بنانے کا اعلان

سرگودھا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی شعبے میں متعدد  اقدامات کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت ہونہار اسکالرشپ کی تعداد اگلے سال سے مزید بڑھائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں۔

انہوں نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولتوں کی بہتری کے لیے کئی اقدامات کا اعلان کیا جن میں 50 ہزار نئے کلاس رومز، ہر سرکاری سکول میں ٹائلٹس، 6 ہزار سکولوں میں اے آئی اور کمپیوٹر لیبز، تمام سکولوں میں چیئرز، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی شامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیکس کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کہاکہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کو اب زمین پر نہیں بیٹھنا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ کے برابر یا ان سے بہتر ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے ازلی دشمن بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا:وزیراعلیٰ مریم نواز

انہوں نے کہا، پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ماں کو ہر بچے کا احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسان کاروبار کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں 55 ہزار سے زائد نئے کاروبار شروع ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سی ایم بننا آسان ہے، مگر عوام کی خدمت محنت طلب کام ہے۔ میرا مقصد گاڑیوں میں بیٹھنا یا پروٹوکول لینا نہیں، بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں وسائل پہلے بھی تھے، پیسہ بھی تھا، لیکن اب یہ پیسہ عوام پر لگایا جا رہا ہے، جیبوں میں نہیں جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے 6لاکھ کسانوں کیلئے گندم کی امدادی قیمت کے اجرا کی منظوری دیدی

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، وہ ایک سیاسی جماعت نے نہیں بلکہ دہشتگردوں جیسا عمل کیا۔ شخصیات سے اختلاف ہو سکتا ہے، ملک سے نہیں۔ ہم آپ کے ہاتھ میں بندوق نہیں، قلم اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، فیک نیوز مہذب قوم کا وطیرہ نہیں، ہر خبر کی تصدیق کریں۔ آزادی اظہار کا استعمال ذمہ داری سے کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *