وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی ولیِ عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل اور وفد نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وفد نے مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر خانہ کعبہ کا دروازہ پاکستانی وفد کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا۔ وزیرِ اعظم، آرمی چیف اور وفد نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور ملک و ملت کے لیے دعائیں کیں۔
وزیرِ اعظم اورفیلڈ مارشل نے بنیان مرصوص کی حالیہ فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، اور پاکستان کی معاشی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے کیے گئے اقدامات میں کامیابی پر ربِ ذوالجلال کا شکرانہ ادا کیا۔
خصوصی دعاؤں میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور بالخصوص کشمیری و فلسطینی عوام پر جاری ظلم و جبر کے خاتمے کے لیے دعائیں شامل تھیں۔ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی، اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شامل تھے۔