خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں واقع باٹا پہاڑی جنگل میں گزشتہ دو روز سے لگی آگ نے شدت اختیار کرلی ہے، اور اب تک تقریباً چھ کلومیٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔
بٹ خیلہ کے نواح میں واقع اس جنگل میں بھڑکتی آگ نے سرسبز درختوں کو راکھ میں تبدیل کر دیا۔ شعلوں کی شدت کے پیش نظر سیکیورٹی کیلئے قائم ایف سی مورچہ خالی کرا لیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز فورس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ چکے ہیں، تاہم تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانا نہایت مشکل ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران اسی پہاڑی سلسلے میں جنگل کی آگ کے دو درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، مگر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات ان واقعات کی روک تھام میں مسلسل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔