عید الاضحیٰ پر شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بعض علاقوں میں ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
فریئر ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جہانگیر روڈ پر صفائی کی صورتحال ناقابل قبول تھی، جس پر ضلع شرقی میں کام کرنے والی چینی کمپنی اور ٹھیکے دار کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر میں آلائشیں اٹھانے کا ذمہ دار ادارہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہے، جس نے شہر کے 25 ٹاؤنز اور 7 اضلاع میں کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔
ان پوائنٹس سے آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے، اور شام 6 بجے تک 11,800 ٹن آلائشیں تینوں سائٹس پر پہنچائی جا چکی تھیں۔
انہوں نے شرف آباد کی صفائی کی صورتحال کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کا عملہ بہترین انداز میں متحرک رہا، جبکہ پیپلز پارٹی کے عہدیداران بھی اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔