امریکا نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کا انخلا شروع کردیا، امریکی شہریوں کو مسافر پروازوں اور کروز جہازوں کے ذریعے نکالا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران-اسرائیل جنگ کے چھٹے روز امریکا نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو اسرائیل سے نکالنے کے انتظامات شروع کردیے ہیں،امریکی شہری اب خود کو وہاں محفوظ نہیں سمجھ رہے، امریکی سفیر نے بتایا کہ اسرائیل سے امریکی شہریوں کو جہازوں کے ذریعے نکالاجارہا ہے۔
اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے ان شہریوں کے لیے انخلا کی پروازوں اور کروز جہازوں کی روانگی کا بندوبست کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں۔
سفیر مائیک ہکابی نے اپنے ذاتی ایکس اکائونٹ پر لکھا کہ “فوری نوٹس! امریکی شہری جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں، اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ انخلا کی پروازوں اور کروز جہاز کی روانگی پر کام کر رہا ہے۔”
ہکابی کی جانب سے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کو بعد میں سرکاری اکاؤنٹس پر دوبارہ ری پوسٹ کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کو لازمی طور پر اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام (STEP) میں اندراج کرنا چاہیے تاکہ انھیں اپ ڈیٹس کے ساتھ آگاہ کیا جا سکے۔
اس حوالے سے کل بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ وہ خطے میں امریکیوں کے انخلا کی حمایت کے کسی منصوبے پر بات نہیں کریں گی، تاہم ہمارا عزم دنیا بھر میں امریکیوں کی حفاظت اور سلامتی ہے۔