محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 20 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار بنانے کا باعث بنے گی۔
ادھر کراچی، حیدرآباد، بدین، تھرپارکر اور خضدار میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کراچی کا موسم مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دن کے بیشتر حصے میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، تاہم رات اور صبح کے دوران مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں فعال رہنے کا سلسلہ جاری رہے گا، جو موسم کو مرطوب اور ہوا کے دباؤ میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔
مزید برآں، 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، جس سے نشیبی علاقوں میں جزوی طور پر پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ عوام سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔