سینئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

سینئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

پاکستان ٹیلی وژن کی معروف اور سینئر اداکارہ عائشہ خان 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ طویل عرصے تک پی ٹی وی کے یادگار ڈراموں جیسے افشاں اورعروسہ کے ذریعے ناظرین کے دلوں پر راج کرتی رہیں۔

پولیس کے مطابق عائشہ خان کی لاش ان کے فلیٹ سے مردہ حالت میں برآمد کی گئی، جو بظاہر ایک ہفتہ پرانی تھی۔ یہ اطلاع پڑوسیوں کی شکایت پر دی گئی، جنہوں نے فلیٹ سے آنے والی بدبو پر پولیس کو مطلع کیا۔ اداکارہ تنہا رہائش پذیر تھیں۔

پولیس نے اہلِ خانہ کو اطلاع دے دی ہے جبکہ لاش کو ابتدائی طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسے سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے رکھوا دیا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق ابھی تک پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا، کیونکہ پولیس اداکارہ کے بیٹے کے کراچی پہنچنے کا انتظار کر رہی ہے۔

پی ٹی وی کی سابق پروڈیوسر اور میڈیا کنسلٹنٹ تہمینہ خالد کے مطابق عائشہ خان کا انتقال پانچ روز قبل کراچی میں ہوا۔

عائشہ خان 1948 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 1964 میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنی صلاحیتوں کے باعث انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ وہ مشہور اداکارہ خالدہ ریاست (مرحومہ) کی بڑی بہن تھیں۔

ان کے مقبول ڈراموں میں مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے، تیری رضا، میری گڑیا، افشاں، عروسہ، فیملی 93، نقاب زن، مہندی اور دیگر بے شمار یادگار ڈرامے شامل ہیں، جنہوں نے انہیں ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *