بھارت و اسرائیل کا گٹھ جوڑ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا، دونوں کے گٹھ جوڑ نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا۔
آج ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت اسرائیل کی پراکسی کے طور پر کام کرنے لگی، ہنود و یہود کے گٹھ جوڑ سے نہ صرف بھارت کی خارجہ پالیسی بلکہ خطے کے توازن پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اسرائیل خطے میں ایران کے اثر کو کم کرنے کیلئے کردوں کو سپورٹ کر رہا ہے اور یہی نیٹ ورک بی ایل اے جیسے گروپوں تک رسائی دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم بی ایل اے اور کُرد ہنود و یہود کی پراکسیز کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
شواہد اور ثبوتوں سے یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ بی ایل اے کے سرکردہ سرغنہ بھارتی ایجنٹوں سے مالی معاونت اور ہدایات لیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی اکاؤنٹس سے پاکستان میں دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں کی پیشگی اطلاع بطور بریکنگ نیوز دی جاتی ہے۔
حال ہی میں کُرد اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بھی کھل کر سامنے آچکا ہے۔ کُرد فوجی کمانڈر جنرل یزدانپنا نے بیان دیا کہ اسرائیل ہمارا دوست ہے اور ہم ایک مشترکہ دشمن ایران کے خلاف کھڑے ہیں۔
نجی ٹی وی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کُرد گروپ کا اسرائیل کے حق میں بیان، ایران کے خلاف پراکسی جنگ کی نئی جہت ہے۔