محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا

محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا

ویب ڈیسک: پاکستان میں محرم الحرام 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے جمعرات کی شب ایک نیوز کانفرنس میں کیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جن کی تصدیق کے بعد کمیٹی نے اتفاقِ رائے سے اعلان کیا کہ یکم محرم الحرام بروز جمعہ 27 جون 2025 کو ہوگا، جبکہ یوم عاشورا اتوار 6 جولائی 2025 کو ہوگا۔

نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوئے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: صوبائی حکومت نے یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا

محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اور اس کا آغاز نئے ہجری سال کی نوید دیتا ہے۔ یوم عاشورا، یعنی 10 محرم، کو نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہلِ بیت کی قربانی کو یاد کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجالس، جلوس، اور عزاداری کی مختلف تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ محرم کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، اور احترام انسانیت کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے تمام مسالک کے علمائے کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ اتحادِ امت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *