سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانچ مبینہ خود کش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی سرحدی علاقے میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں مشتبہ افراد کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار افراد خود کش حملوں کی نیت سے سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے بارودی مواد، خود کش جیکٹس اور دیگر ممنوعہ اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف اہم سرکاری اور عسکری تنصیبات ہو سکتی تھیں، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
گرفتار حملہ آوروں کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔