مون سون کی بارشوں کا چوتھا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق بحیرہ عرب سے نم ہوائیں پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں۔ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں مغربی لہر بھی برقرار ہے۔ ان حالات میں جڑواں شہروں، کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اور گلگت بلتستان میں پیر کی شام/رات، منگل اور بدھ کو مون سون کی مزید وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں 25 جولائی تک سیلاب آسکتا ہے۔
اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور میں شہری سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔
تیز بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے خستہ حال عمارتوں اور ڈھانچے جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دریں اثنا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم سندھ، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کے چند مقامات پربھی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی ، پنجاب کے شہروں منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ساہیوال، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چنیوٹ، قصور، سرگودھا، خوشاب، بہاولپوراورڈی جی خان میں بارش کا امکان ظاہرکیا گیا تھا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ طوفانی بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، عوام کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز اوراحتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 17 جولائی کے درمیان 178 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 491 زخمی رپورٹ ہوئے، جس میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 اموات رپورٹ ہوئیں اور 227 افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر راولپنڈی سمیت پنجاب کے شدید بارشوں، سیلاب اور طغیانی کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔