بھارت کو دفاعی میدان میں بڑا دھچکا، برازیل نے آکاش میزائل کی خریداری روک دی

بھارت کو دفاعی میدان میں بڑا دھچکا، برازیل نے آکاش میزائل کی خریداری روک دی

ویب ڈیسک: بھارت کو بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑا دفاعی اور سفارتی دھچکا اس وقت لگا جب جنوبی امریکہ کی بڑی ریاست برازیل نے بھارتی ساختہ آکاش میزائل سسٹم کی خریداری کے مذاکرات اچانک ختم کر دیے۔

بھارتی اخبار دکن ہیرالڈ کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ بھارت برازیل کو میزائل سسٹم کا جدید ورژن فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ دفاعی امور سے متعلق ویب سائٹ ڈیفنس ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ بھارتی کمپنیوں نے برازیلی فوج کو آکاش سسٹم کا صرف پرانا ورژن فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی، جسے برازیلی حکام نے “فرسودہ” قرار دے کر مسترد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق برازیلی فوج اس وقت درمیانے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید فضائی دفاعی نظام کی تلاش میں ہے۔ بھارت کی ناکامی کے بعد برازیل نے اب اٹلی سے دفاعی بات چیت کا آغاز کر دیا ہے اور اطالوی ایئر ڈیفنس سسٹم ای ایم اے ڈی ایس حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

معاہدے کی متوقع مالیت تقریباً پانچ ارب بھارتی روپے تھی، جو بھارت کے لیے ایک ممکنہ دفاعی برآمد کے طور پر اہم تصور کی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے بیان کے بعد مودی سرکار پر دباو بڑھنے لگا، راہول گاندھی کاتباہ ہونے والے طیاروں کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت بھارت کے لیے نہ صرف معاشی نقصان کا باعث ہے بلکہ اس کے دفاعی سازوسامان کی عالمی ساکھ پر بھی سوالات اٹھا رہی ہے۔ خاص طور پر حالیہ دنوں میں آپریشن سندور میں مبینہ شکست کے بعد بھارت کو دفاعی میدان میں پہلے ہی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق بھارت کی دفاعی صنعت کو اس وقت خود کو عالمی معیار کے مطابق ثابت کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، ورنہ اس نوعیت کے واقعات مستقبل میں اس کی برآمدات کو بری طرح متاثر کر سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *