ملک بھر میں مون سون بارشوں سے اب تک کتنی اموات ہوئیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ملک بھر میں مون سون بارشوں سے اب تک کتنی اموات ہوئیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں کے باعث 221 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جاری کردہ مون سون 2025 کی 26 ویں رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع تورغر اور اپر دیر میں مکانات گرنے سے 4 افراد جبکہ سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ زخمی افراد کا تعلق خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر، تورغر، سوات اور اپر دیر سے ہے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے حالیہ سلسلے میں اب تک مجموعی طور پر 221 اموات اور 592 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 135 ہلاکتیں پنجاب میں ہوئیں، خیبرپختونخوا میں 46، سندھ میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دیوسائی، سکردو، بابوسر میں شدید بارش کے بعد پاک فوج کا شاندار ریسکیو آپریشن، سیاح، مقامی افراد محفوظ مقامات پر منتقل

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 804 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 203 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ متاثرہ مکانات کی تفصیل کچھ یوں ہے: گلگت بلتستان میں 12، آزاد کشمیر میں 11، خیبرپختونخوا میں 220، سندھ میں 87 اور پنجاب میں 168 مکانات متاثر ہوئے۔

مزید یہ کہ مختلف حادثات میں 200 مویشی ہلاک ہوئے، جن میں سب سے زیادہ 85 مویشی سندھ میں ہلاک ہوئے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بھی مویشیوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز سندھ میں 28 ڈی واٹرنگ پمپ اور 50 ترپالیں متاثرہ علاقوں میں بھجوائی گئیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 450 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ پنجاب میں 24 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور سندھ میں 176 افراد ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع، موسم خوشگوار

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر ادارے الرٹ پر ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *