اسلام آباد۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں “ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکہ، ازبکستان، قازقستان، تاجکستان اور کرغزستان کے عسکری وفود نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کا تھیم “روابط کو مضبوط بنانا، امن کو محفوظ بنانا” رکھا گیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان وفود کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ “علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔”
کانفرنس کے دوران انسداد دہشت گردی، تربیتی تعاون، اور انسانی بحرانوں کے دوران مشترکہ ردعمل جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکاء نے علاقائی سالمیت، امن، اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، اور پاکستان کی قیادت، مہمان نوازی، اور دفاعی سفارت کاری کی کوششوں کو بھرپور سراہا۔
پاکستان نے علاقائی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی مفادات کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔