کراچی سی ٹی ڈی کی کارروائی، منگھوپیر میں انتہائی مطلوب ٹی ٹی پی خوارج دہشتگرد ہلاک

کراچی سی ٹی ڈی کی کارروائی، منگھوپیر میں انتہائی مطلوب ٹی ٹی پی خوارج دہشتگرد ہلاک

انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پیر کی علی الصبح خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ دہشتگرد ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں۔ پولیس کے گھیراؤ پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگرد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:سوات میں کاؤنٹر ٹیررازم آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں 2 کی شناخت زعفران اور قدرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زعفران حکومت کو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا اور اس کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے رکھی گئی تھی جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا جو گزشتہ سال کراچی میں چین کے شہریوں پر حملے میں ملوث تھا‘۔

مکان سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹس، دستی بم اور ممکنہ اہداف کی ایک ڈائری برآمد ہوئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مکان کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا ہے۔ پولیس مکان کے مالک کی شناخت اور اس کے ممکنہ روابط کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔

خطے میں کشیدگی، دہشتگردی میں اضافہ

واضح رہے کہ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں قائم پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس ) کی مئی 2025 کی رپورٹ کے مطابق، ملک میں 85 دہشتگرد حملے ہوئے جو اپریل کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہیں۔

ان حملوں میں 113 افراد مارے گئے، جن میں 52 سیکیورٹی جوان تھے اور 46 عام شہری شامل تھے، جبکہ 182 افراد زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی جوانوں کی شہادت میں 73 فیصد اور عام شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں 145 فیصد اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک ، میجر اور سپاہی شہید

دہشتگردی کے یہ واقعات زیادہ تربلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پیش آئے، جہاں 85 میں سے 82 حملے رپورٹ ہوئے۔ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 35 حملوں میں 51 افراد جان سے گئے اور 100 زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کا مؤثر ردعمل

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جن میں صرف مئی کے مہینے میں 59 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ تاہم، ان کارروائیوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔

کراچی میں سی ٹی ڈی کی حالیہ کامیاب کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی ٹی پی جیسے شدت پسند گروہ اب بھی شہری علاقوں میں موجود ہیں اور سیکیورٹی ادارے ان کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

پولیس کے مطابق، تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دہشت گردوں کو شہر میں پناہ اور سہولت فراہم کرنے والے کون لوگ تھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *