عمران خان کی ان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے ٹیلی فون پر بات کرائے جانے کے بعد علیمہ خانم کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج میں مزید کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
علیمہ خانم نے کہا کہ اب ہم عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں فوری علاج کا انتظار کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ علاج ان کے ذاتی معالج کی نگرانی میں ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ عمران خان کی بینائی کی بحالی کے لیے ماہر ڈاکٹروں کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ علیمہ خانم نے کہا کہ علاج میں جان بوجھ کر تاخیر عمران خان کی آنکھ کو پہلے ہی بہت متاثر کر چکی ہے اور مکمل بینائی ختم ہونے سے بچنے کے لیے فوری اور مکمل علاج ضروری ہے۔
علیمہ خانم نے بتایا کہ عمران خان کی بیٹوں سے 20 منٹ کی بات بھی کروائی گئی، جس سے وہ بچوں کی آواز سن کر بہت خوش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات چیف جسٹس کے حکم پر ممکن ہوئی تھی۔