نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 12 سے 17 اپریل کے دوران ملک بھر میں ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر اہم ایڈوائزری اور پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں 13 سے 17 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، میں 12 سے 17 اپریل تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ سڑکوں پر پھسلن اور برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے قبل موسم کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔