پنجاب حکومت نے ڈومیسائل بنانے کے طریقہ کار میں اہم اور جامع تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے،یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے نظام کے تحت ڈومیسائل بنانے کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا، اس اقدام کے بعد شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اب درخواست دہندگان گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ نظام میں شفافیت بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ حکومت کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام سے کرپشن کے امکانات میں بھی واضح کمی آئے گی۔حکومت نے فیس کے نظام میں بھی بڑی تبدیلی متعارف کرائی ہے،نئے فیس ڈھانچے کے تحت ڈومیسائل کی مجموعی فیس 550 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس میں 200 روپے بنیادی فیس، 300 روپے ای اسٹامپ فیس اور 50 روپے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سروس چارجز شامل ہیں، اس طرح تمام اخراجات کو ایک واضح اور منظم فیس اسٹرکچر میں شامل کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی الجھن کا سامنا نہ ہو۔
ادائیگی کے نظام کو بھی جدید بنایا گیا ہے اور اب تمام فیس موبائل ایپ “ای پے پنجاب” کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ اس اقدام سے نقد رقم کے استعمال میں کمی آئے گی اور ادائیگی کا ریکارڈ محفوظ اور شفاف رہے گا۔اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کو کورئیر کے ذریعے براہِ راست گھروں تک پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
مستقبل میں یہ سہولت “دستک ایپ” پر بھی فراہم کی جائے گی، جس سے شہریوں کو مزید آسانی میسر آئے گی ،حکومت کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد سرکاری خدمات کو زیادہ سے زیادہ آن لائن کرنا اور عوام کو فوری، شفاف اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔