پاکستان میں عید الاضحیٰ 2026 بدھ، 27 مئی کو متوقع ہے، جبکہ اس سال عید کے موقع پر عوام کو پانچ روزہ تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔ تعطیلات کا یہ دورانیہ ویک اینڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے باعث ملازمین کو بدھ سے اتوار تک مسلسل آرام کا موقع فراہم کرے گا۔
چاند کی رویت کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کی پہلی رات 17 یا 18 مئی کو متوقع ہے۔ اسی بنیاد پر عید الاضحیٰ کی تاریخیں 27 مئی سے 29 مئی تک مقرر کی گئی ہیں، جبکہ 28 مئی کو ملک بھر میں یومِ تکبیر بھی منایا جائے گا۔
دوسری جانب عید کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیاں قائم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ کراچی کے نارتھ بائی پاس اور لاہور کے شاہپور کانجرا میں بیوپاریوں نے قربانی کے جانور لانا شروع کر دیے ہیں۔
رواں سال مویشیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد زیادہ ہیں۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ چارہ اور خوراک کی بڑھتی ہوئی لاگت کو قرار دیا جا رہا ہے۔