مشرق وسطیٰ میں ممکنہ مستقل جنگ بندی اور امریکا ایران کشیدگی میں کمی کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام دیکھا جا رہا ہے، اگر دونوں ممالک کے درمیان حتمی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو مستقبل میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت معمولی اضافے کے بعد تقریباً 91 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جبکہ برطانوی برینٹ آئل ایک فیصد اضافے کے ساتھ 95 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ ہو رہا ہے۔ مجموعی طور پر مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کم ہونے اور قیمتوں کے مستحکم ہونے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت نے سپلائی چین کے خدشات کو کم کیا ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور مارکیٹ نسبتاً متوازن ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اسی سطح پر مستحکم رہتی ہیں یا کمی کی طرف جاتی ہیں تو پاکستان سمیت درآمدی توانائی پر انحصار کرنے والے ممالک کو ریلیف مل سکتا ہے جبکہ مشرق وسطیٰ میں حتمی امن معاہدہ طے پانے کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی اور عالمی توانائی منڈی میں مزید استحکام کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔