باجوڑ، افغان طالبان کی سویلین آبادی پر گولہ باری ،سیکیورٹی فورسز کا منہ توڑ جواب،افغان طالبان کی متعدد چوکیاں تباہ،کئی دہشتگرد جہنم واصل
Home - اہم خبریں - باجوڑ، افغان طالبان کی سویلین آبادی پر گولہ باری ،سیکیورٹی فورسز کا منہ توڑ جواب،افغان طالبان کی متعدد چوکیاں تباہ،کئی دہشتگرد جہنم واصل
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں سرحد پار سے ہونے والی سویلین آبادی پر افغان گولہ باری کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان حدود سے کی جانے والی بلا اشتعال گولہ باری کا نشانہ شہری آبادی تھا تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف دشمن کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا بلکہ مؤثر کارروائی کے دوران افغان طالبان کی تین چوکیاں بھی تباہ کر دیں اور کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا،سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے بار بار شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابلِ برداشت ہے، تاہم فورسز کی مؤثر کارروائی سے انہیں حوصلہ ملا ہے۔