زمینی کارروائی کی تو ایک بھی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا، ایران کے آرمی چیف کی امریکا کو دھمکی

زمینی کارروائی کی تو ایک بھی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا، ایران کے آرمی چیف کی امریکا کو دھمکی

مشرقِ وسطٰی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے دشمن ممالک کو سخت ترین وارننگ جاری کر دی ہے۔

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر دشمن نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی زمینی کارروائی کی تو ان کا ایک بھی فوجی زندہ واپس نہیں بچے گا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا اور ایران ممکنہ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کرنے کی کوششیں، اسحاق ڈار متحرک ہیں، دفتر خارجہ کا انکشاف

انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی کمانڈر ان چیف نے ملک کے تمام آپریشنل ہیڈکوارٹرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جنرل امیر حاتمی نے انکشاف کیا کہ دشمن ایران کے خلاف زمینی کارروائی کا منصوبہ بنا رہا ہے، اس لیے فوج کو انتہائی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکم دیا کہ زمینی حملے کو ناکام بنانے کے لیے دشمن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ تہران میں فوجی ذرائع کے مطابق یہ بیانات اس خطرے کے پیشِ نظر دیے گئے ہیں کہ خطے میں تناؤ ایک باقاعدہ جنگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

دوسری جانب، ایران کے سینیئر عہدیدار علی اکبر ولایتی نے بھی دشمنوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جنگ ایران کی ثابت قدمی، محتاط منصوبہ بندی اور طاقت کے ذریعے ختم ہوگی، ناکہ جارحین کے خام خیالی پر مبنی خوابوں کے ساتھ۔۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم سمندری گزرگاہ صرف ایران کے دشمنوں کے لیے بند ہے، جبکہ ایران کے دوست ممالک کے لیے یہ کھلی رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی خودمختاری کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گا۔

مزید پڑھیں:کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں : ایران

کشیدگی کے اس ماحول میں، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے بھی ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل سمیت تمام دشمن ایران کی حقیقی فوجی طاقت اور ساز و سامان کے بارے میں نامکمل معلومات رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے میزائل ایسی خفیہ جگہوں پر تیار کرتے ہیں جن کے بارے میں دشمن کو کوئی علم نہیں، اور اب تک جن مراکز کو نشانہ بنایا گیا وہ غیر اہم تھے‘۔ پاسدارانِ انقلاب کے اس بیان نے دشمنوں کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے اور خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *