ایوان صدر میں قازقستان کے صدر کو نشان پاکستان کا اعزاز دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت نے قازق صدر قاسم جومارت کو نشان پاکستان سے نوازا، وزیر اعظم شہباز شریف ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔
صدر زرداری اور قازقستان کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں دونوں فریقوں نے تجارتی تعلقات،رابطہ کاری، دفاع اور علاقائی استحکام میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل دن کے آغاز میں پاکستان اور قازقستان نے 30 سے زائد مفاہمتی یادداشتیں دستخط کیں،جن کا مقصد مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کے تجارتی ہدف تک پہنچنا ہے۔
دستخطی تقریب کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے تعلقات اور اقتصادی صلاحیت کو ظاہر نہیں کرتا۔
قازقستان کے صدر نے پاکستان کو جنوبی ایشیا اور اس سے آگے ایک قابل اعتماد اور اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگ صدیوں پرانے تعلقات اورعظیم ریشمی روڈ کی میراث سے جڑے ہیں اور ان کی ثقافتی و روحانی ہم آہنگی گہری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے تاریخی مشترکہ اعلامی ر دستخط کیے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہوگی۔