شوبز انڈسٹری میں بڑھتے تنازعات کی بھرمار ہر دن نیا ہنگامہ برپا کر رہی ہیں ۔پاکستانی شوبز انڈسٹری جس میں ٹی وی، فلم، موسیقی اور سوشل میڈیا شامل ہیں، پچھلے کچھ برسوں میں تیزی سے اثر انگیز انڈسٹری بن گئی ہے۔ نئے چہروں کی آمد اور پرانے اداکاروں کی نئی شکل میں واپسی نے ہر سال نئی کہانیوں کوجنم دیا ہےہیں۔ تاہم ایک شعبہ جس میں بہتری کے بجائے کمی نظر آتی ہے وہ باہمی رابطہ اور برداشت ہے۔
سال 2026 کے ابتدائی چند مہینوں میں ہی کئی تنازعات سامنے آ چکے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کو چھیڑ دیا ہے۔ڈاکٹر نبیہہ علی خان، جو مختلف ٹاک شوز میں اپنی رائے کے باعث پہچانی جاتی ہیں اور مردوں کے حقوق کے حوالے سے آواز اٹھاتی ہیں، گزشتہ برس اپنے دوست حارث کھوکھر سے شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔ تاہم چند ماہ بعد ہی انہوں نے فضا علی کے رمضان ٹرانسمیشن میں اپنی ازدواجی زندگی میں مسائل کا ذکر کیا۔ جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ اس انکشاف کے بعد فضا علی اور نبیہہ علی خان کی گفتگو کو کئی صارفین نے غیر ضروری ڈرامہ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس صورتحال نے مزید شدت اس وقت اختیار کی جب مختلف فنکار بھی اس معاملے میں کود پڑے۔ میشی خان نے فضا علی کے رویے پر تنقید کی جس کے بعد دونوں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جوابی وار کیے جاتے رہے۔
اداکارہ جویریہ سعود بھی رمضان ٹرانسمیشنز میں اپنے انداز اور بعض تبصروں کے باعث خبروں کی زینت بنیں۔ ان پر الزام لگا کہ انہوں نے بعض ناظرین کے طبی مسائل اور فون کالز کو ٹی آر پی کے لیے استعمال کیا۔ معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب انہوں نے اداکارہ یمنٰی زیدی سے متعلق عمر پر مبنی ریمارکس دیے، جس پر شوبز حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ بعد ازاں وضاحتوں اور تردیدوں کے باوجود یہ بحث جاری رہی۔
اسی طرح فہد مصطفیٰ اور عتیقہ اوڈھو کے درمیان ایک پروگرام میں عمر کے فرق سے متعلق گفتگو نے بھی سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ اس بحث میں ہمایوں سعید بھی شامل ہو گئے، جبکہ بعد میں دونوں فریقین نے معاملے کو ختم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے معذرت کی۔
پاکستانی شوبز کی سب سے بڑی اور طویل چلنے والی قانونی جنگ علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان ہراسانی کیس ہے، جو کئی برسوں سے عدالت میں زیر سماعت ہے۔ حالیہ پیش رفت میں عدالت نے علی ظفر کے حق میں فیصلہ سنایا، تاہم میشا شفیع کا کیس اب بھی زیر التوا ہے۔ اس معاملے نے عوام کو واضح طور پر دو رائے میں تقسیم کر دیا ہے۔
مزید برآں، راجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے درمیان تنازع بھی سوشل میڈیا پر زیر بحث رہا، جس میں ذاتی زندگی اور بچوں کے معاملات بھی سامنے آئے۔ اس کشیدگی میں دیگر یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز بھی مختلف فریقوں کے ساتھ کھڑے دکھائی دیے، جس نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا
اصل سوال یہی ہے کہ کیا پاکستانی شوبز کبھی شہرت کے شور سے نکل کر برداشت اور پیشہ ورانہ رویے کی طرف لوٹ سکے گا؟ تنازعات کی اس دوڑ میں سب سے بڑا نقصان شوبز کا نہیں بلکہ اس کی ساکھ کا ہو رہاہے اگر یہی رفتار رہی تو فن پیچھے اور تنازع آگے رہ جائے گا۔