وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کردی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایک بار پھر مشکل حالات میں مخاطب ہوں ، خلیج جنگ جاری ہے اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی وسائل محدود ہیں، آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، مہنگائی نے دنیا کی طاقتورمعیشتوں کی کمرتوڑدی ہے، جانتا ہوں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک عوام زندگی کے معمولات پر واپس نہیں آجاتے، اعلان کرتا ہوں کہ پیٹرول کی مد میں، جس کی قیمت کا کل اعلان کیا گیا 458 روپے فی لیٹر بڑھ گئی، اسے کم کرنے کے لیے میں آج پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے کا اعلان کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 بجے سے پیٹرول فی لیٹر 458 روپے 40 پیسے کے بجائے 378 روپے فی لیٹر ہوجائے گا، یہ قیمت اگلے 1 ماہ تک برقرار رکھی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے سو روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کی جائے گی۔ ریلوے میں اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی وزرائےاعلیٰ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کےلیےاپنےوسائل بلاتاخیرفراہم کرنے کی کمٹمنٹ کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 137.23 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 184.49 روپے بڑھاتے ہوئے نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کی تھی۔