حکومت نے ملک میں پیٹرولیم بحران سے نمٹنے اور شہریوں کے لیے پیٹرول کی فراہمی کو منظم بنانے کے لیے پیٹرول پمپس پر ڈ یجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس نظام کے تحت ہر شہری کے لیے ذاتی گاڑی کے لحاظ سے پیٹرول کا کوٹہ مقرر کیا جائے گا، جس سے غیر ضروری اضافی استعمال اور پیٹرول کی قلت سے بچا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ کسی ممکنہ بحران کی صورت میں بھی عوام کو پیٹرول کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے۔ حکومت نے اس مقصد کے لیے تمام تیاری مکمل کر لی ہے اور اب یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے کے قریب ہے۔
منصوبے کے تحت پیٹرول پمپس پر موبائل فونز اور ایپلیکیشن پر کے ذریعے فیول منیجمنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزارت آئی ٹی نے موبائل فونز کی جانچ اور ایپلیکیشن کی ٹیسٹنگ مکمل کر لی ہے تاکہ نظام کے آغاز کے وقت کوئی تکنیکی رکاوٹ نہ ہو۔ ہر پیٹرول پمپ کو فراہم کیے جانے والے موبائل فون کی قیمت تقریباً 72 ہزار روپے ہوگی، جس کی رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فراہم کریں گی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پمپس پر موبائلز کی فراہمی کا عمل شروع ہوگیا اور اسی ہفتے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول کی سبسڈی کے ساتھ فراہمی شروع ہوجائیگی
حکومتی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کی تفصیلات وزارت آئی ٹی کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ جلد از جلد نظام نافذ کیا جا سکے۔ اس سے نہ صرف پیٹرول کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی بلکہ پٹرول پمپس کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور صارفین کو فوری اور شفاف سروس میسر آئے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ بحران کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اور شہریوں کو اضافی پریشانیوں سے بچائے گا۔