ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2026 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے سے قبل جہاں شائقینِ کرکٹ میں جوش و خروش عروج پر ہے، وہیں نجومیوں نے بھی اپنی پیش گوئیوں کے ذریعے میدان سنبھال لیا ہے۔
میگا ایونٹ کے اس اہم میچ کو ہمیشہ کی طرح غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ دونوں ممالک کے کروڑوں شائقین کی نظریں اس ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں اور سوشل میڈیا سے لے کر ٹی وی پروگراموں تک ہر جگہ اسی مقابلے کا چرچا ہے۔
نجومیوں اور علمِ نجوم سے وابستہ ماہرین نے بھی اس بار مختلف دعوے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ بعض نجومیوں کا کہنا ہے کہ ستاروں کی چال پاکستان کے حق میں دکھائی دے رہی ہے اور گرین شرٹس کو کامیابی مل سکتی ہے، جبکہ کچھ بھارتی نجومی اپنی ٹیم کی فتح کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
ماہر علم نجوم مخدوم شاہد عباس قریشی نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقابلہ بڑا سخت ہوگا لیکن اس مرتبہ پاکستان کے جیتنے کے چانسز زیادہ ہے ،کیونکہ ماہ فروری صائم ایوب اور بابر اعظم کے لیے بڑا لکی ثابت ہورہا ہے ، شاہین آفریدی بائولنگ میں متاثر نہیں کرپائیں گے ،فہیم اشرف ،شاداب اور ابرار وکٹیں لیں گے ۔
شائقین کا کہنا ہے کہ نجومیوں کی باتیں اپنی جگہ، اصل فیصلہ تو میدان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی ہی کرے گی۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے مداح اس بڑے مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا ہر میچ عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔