اسرائیل کے شہر نیتیوت میں شہد کی مکھیوں کے بڑے بڑے غول اچانک نمودار ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ان ویڈیوز نے عوام میں حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا جبکہ صارفین اس واقعے پر مختلف قسم کی آراء دے رہے ہیں۔
جنوبی اسرائیل کے شہر نیتیووت میں صورتحال اس وقت زیادہ سنگین ہو گئی جب ہزاروں کی تعداد میں شہد کی مکھیاں ایک ساتھ شہری علاقوں میں آ پہنچیں۔ عینی شاہدین کے مطابق بازاروں اور تجارتی مراکز میں اچانک مکھیوں کے جھنڈ نے لوگوں کو پریشان کر دیا جس کے بعد شہریوں نے گھروں اور دکانوں کے دروازے بند کر لیے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق ایک موقع پر شہد کی مکھیوں کے بڑے غول نے فوجی سرگرمی کو بھی متاثر کیا اور ایک طیارے کی روانگی کو وقتی طور پر روکنا پڑا، کیونکہ مکھیاں اس کے قریب جمع ہو گئی تھیں۔
حکام نے فوری طور پر شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ صارفین اسے غیر معمولی قدرتی واقعہ قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر حلقوں میں اس پر مذہبی اور جذباتی تبصرے بھی دیکھنے میں آئے جس میں اس قسم کے واقعات کو اسرائیل کی جنگی جرائم کے نتیجے میں ملنے والی سزا کے طور پر دیکھا گیا جبکہ بعض صارفین اسے مختلف تاریخی اور مذہبی حوالوں سے جوڑا۔
تاہم ماہرین ماحولیات اور شہد بانی کے مطابق یہ ایک قدرتی عمل ہے جسے’سوارمنگ‘کہا جاتا ہے۔ اس عمل میں شہد کی مکھیاں اپنی ملکہ کے گرد جمع ہو کر نئی جگہ کی تلاش میں ایک ساتھ منتقل ہوتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منظر اگرچہ غیر معمولی لگتا ہے لیکن عام طور پر یہ مکھیاں جارحانہ نہیں ہوتیں اور کچھ وقت بعد خود ہی منتشر ہو جاتی ہیں۔ بہار کے موسم اور ماحول میں تبدیلیاں ایسے واقعات میں اضافہ کر سکتی ہیں۔
یوں ایک طرف سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں جبکہ دوسری طرف سائنسی ماہرین اسے ایک فطری اور موسمی عمل قرار دے رہے ہیں۔