فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ایک اور بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں گھر پر مارٹر گولے فائرکیے گئے جس کے نتیجے میں بلوچ خواتین اور بچے شہید ہوگئے ۔
چوری، ڈکیتی اور بھتہ خوری کے مذموم عزائم کے ساتھ آنے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلیدہ میناز میں عبدالحمید نامی شخص کے گھر پر حملہ کیا ، حملہ آوروں نے اندھادھند فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹر گولے بھی فائر کیے۔
اس سفاکانہ حملے کے نتیجے میں 6 معصوم بلوچ مسلم ولد چار شمبے، مولانا یوسف ولد محمد شریف، گل نازبنت عبدالغفار، ایک سالہ۔چنگیز ولد عبدالغفار، چار سالہ فضیلہ زوجہ عبدالغفار،اور چھ سالہ زہرہ بنت عبدالغفار شہید ہو گئے جبکہ تین بچے زخمی ہوئے ۔ حملے کے باعث گھر کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
یہ المناک سانحہ دہشت گردوں کی بزدلی، سفاکیت اور ان کے مذموم مقاصد کی واضح عکاسی کرتا ہے اور بلوچ نسل کشی کی بدترین مثال ہے، نام نہاد آزادی کی جنگ کے دعوے سے شروع ہونے والا یہ فتنہ اب کھلے عام چوری، ڈکیتی اور بھتہ خوری جیسے جرائم تک پہنچ چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔