وزارتِ مذہبی امور سعودی مقررہ ٹائم فریم کے مطابق حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ مشرقِ وسطٰی کی کشیدہ صورتحال کے باوجود حج پروازوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور عید الفطر کے فوری بعد حج کے مکمل شیڈول کا اعلان کیا جائے گا، جس میں مکہ و مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
وزارت کے ترجمان برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کی ہے، جن میں حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی بات کی گئی تھی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔ وزارت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہوں اور حج کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے انجام پائے۔
عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔