ایم ٹیگ،موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری؛ عدالت کا بڑا فیصلہ

ایم ٹیگ،موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری؛ عدالت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے معاملے پر طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں طلبہ کو غیر ضروری طور پر تنگ نہ کیا جائے۔

یہ ہدایات اس درخواست کی سماعت کے دوران جاری کی گئیں جس میں ایم ٹیگ لگانے کے حکومتی فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا، سماعت کے دوران عدالت نے متعلقہ حکام سے اس اقدام کی ضرورت اور اس کے پس منظر کے بارے میں وضاحت طلب کی۔

سماعت کے موقع پر چیف جسٹس ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ موٹر سائیکلوں پر یہ ایم ٹیگ لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
اس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں کچہری کے احاطے میں ہونے والے دھماکے کے بعد سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :منٹوں میں ایم ٹیگ لگوانے کا آسان طریقہ

سرکاری مؤقف کے مطابق اس واقعے میں مبینہ طور پر موٹر سائیکل استعمال کی گئی تھی، جس کے بعد شہری سلامتی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی شناخت کے اس طریقے کی تجویز سامنے آئی۔

عدالت نے سماعت کے دوران اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی سلامتی یقینی بنانا یقیناً ضروری ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ عوام کو بلاوجہ مشکلات میں بھی نہیں ڈالا جانا چاہیے۔

عدالت نے خاص طور پر طلبہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ انہیں اس معاملے میں خصوصی سہولت دی جائے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی ہراسانی نہ کی جائے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عدالتی احکامات سے چیف کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ کے لیے سہولت فراہم کی جا سکے،اسلام آبادہائیکورٹ نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اس معاملے پر تفصیلی جواب عدالت میں جمع کرایا جائے، آئندہ سماعت کے موقع پر متعلقہ حکام اپنی رپورٹ پیش کریں گے جس کے بعد عدالت مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *