پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے “جرأت کے نشان” کی ایک اور سنسنی خیز قسط جاری کر دی ہے جس میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جوانوں کی بے مثال بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
یہ قسط میجر علی شہید اور حوالدار نثار شہید کی جرأت اور قربانی کی داستان پر مبنی ہے، جنہوں نے ژوب، بلوچستان میں ایک خطرناک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
بھاری اسلحہ سے لیس دہشت گردوں کے خلاف کم تعداد کے باوجود ایس ایس جی ٹیم نے کامیاب حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان جری جوانوں نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو نہ صرف پسپا کیا بلکہ انہیں انجام تک بھی پہنچایا۔
اس آپریشن کے دوران میجر علی اور حوالدار نثار نے بہادری اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کی۔ اپنی جرأت اور عزم سے انہوں نے معصوم شہریوں کی جانیں بچائیں اور ہمیشہ کے لیے قومی ہیروز میں اپنا نام امر کر دیا۔
یہ قسط ان کی عظیم قربانی اور استقامت کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اس حقیقت کی یاد دہانی بھی کراتی ہے کہ پاکستان کا امن شہداء کے لہو کا مرہونِ منت ہے۔