راولپنڈی میں ایک اور مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہفتہ 11 اپریل 2026 کو ضلع بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
یہ اعلان آج اس وقت کیا گیا جب اسلام آباد میں 10 سے 11 اپریل تک امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات شیڈول ہیں۔ اس حوالے سے باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی جانب سے 9 اور 10 اپریل 2026 کے لیے دو روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ ڈی سی آفس راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیلات ضلع راولپنڈی کی حدود میں نافذ تھیں۔
دوسری جانب امریکہ۔ایران امن مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد میں بھی 9 اور 10 اپریل (جمعرات اور جمعہ) کو دو روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیلات اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی ریونیو حدود میں نافذ رہیں گی۔
تاہم اعلامیے کے مطابق ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جن میں ایم سی آئی، سی ڈی اے، آئی سی ٹی انتظامیہ، آئی سی ٹی پولیس، آئیسکو اور ایس این جی پی ایل شامل ہیں۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہری اپنے امور کی منصوبہ بندی اسی حساب سے کریں۔