پنجاب میں ڈومیسائل بنوانے کے طریقہ کار اور فیسوں میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد اس عمل کو آسان اور جدید بنانا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کابینہ اجلاس میں ڈومیسائل کے حصول کو سہل بنانے اور فیس اسٹرکچر میں تبدیلی کی باقاعدہ منظوری دی گئی، جبکہ ڈومیسائل کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
منظور شدہ فیصلے کے تحت ڈومیسائل کی مجموعی فیس 550 روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں 200 روپے ڈومیسائل فیس، 300 روپے ای اسٹامپ اور 50 روپے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سروس چارجز شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق تمام ادائیگیاں موبائل ایپ ای پے پنجاب کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی کورئیر کے ذریعے گھر تک فراہمی کو بھی نئے نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں یہ سروس دستک ایپ پر بھی دستیاب ہوگی۔