چیئرمین جوانانِ پاکستان عبداللہ حمید گل نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کو پاکستان کے لیے برکت اور خوشی کا دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے انسانیت کے تحفظ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
اپنے ایک خصوصی ویڈیو بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی خلیجی، عرب اور مغربی ممالک سمیت چین اور روس سے مسلسل رابطے شروع کر دیے تھے، جس کے نتیجے میں آج بالآخر جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
عبداللہ حمید گل نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سفارتی اور اسٹریٹجک کاؤشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر عسکری قیادت کی براہِ راست مداخلت اور اثر و رسوخ نہ ہوتا تو ان مذاکرات میں اتنی تیز رفتار پیش رفت ممکن نہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط عسکری طاقت ہونے کے ناطے عالمِ اسلام میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے اور اسی بنیاد پر امریکا اور ایران جیسے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب رہا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اسلام آباد آمد پاکستان کی بہت بڑی سفارتی فتح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس امن مشن سے پاکستان کے لیے معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ایران پر پابندیاں ختم ہونے کی صورت میں پاکستان کو سستا تیل، گیس اور بجلی میسر آئے گی، جس سے ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی ممکن ہے۔
عبداللہ حمید گل نے زور دیا کہ اب ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنے اور بارٹر ٹریڈ (تبادلہِ مال) کو فروغ دینے کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ریاست کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کی تقدیر سنور سکے۔ آج 11 اپریل 2026 کا دن تاریخ میں پاکستان کے عالمی وقار کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔